شہر کے زیر تعمیر منصوبوں کو مکمل کرنا ایل ڈی اے کے لیے درد سر بن گیا

09-12-2023

(لاہور نیوز) شہر کے زیر تعمیر منصوبوں کو مکمل کرنا ایل ڈی اے کے لیے درد سر بن گیا۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں منظور شدہ فنڈز کا اجراء نہ ہو سکا۔

ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکسز کے لیے 760 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی جس میں سے 300 ملین جاری ہوئے۔ سپورٹس کمپلیکسز کے 460 ملین روپے جاری نہ ہونے سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔ سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس کیلئے درکار مزید تین کروڑ 66 لاکھ روپے جاری نہ ہوئے۔ سنگھ پورہ سپورٹس کمپلیکس کے لیے 34 کروڑ 16 لاکھ روپے ضروری ہیں۔ چائنہ سکیم کے لیے چار کروڑ 4 لاکھ روپے مزید درکار ہیں۔ ٹاؤن شپ کمپلیکس کے لیے 13 کروڑ 79 لاکھ روپے کے فنڈز ضروری ہیں۔ کینال سپورٹس کمپلیکس کے لیے 17 کروڑ 14 لاکھ روپے مزید چاہئیں۔ کاہنہ سپورٹس کمپلیکس کے لیے 30 کروڑ 3 لاکھ ،شالیمار سپورٹس کمپلیکس کے لیے 19 کروڑ 96 لاکھ روپے تجویز کیے گئے۔ ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کچھ فنڈز جاری ہو چکے ہیں، مزید فنڈز کے اجراء کے لیے پنجاب حکومت کو استدعا کی ہے۔