امریکی سفیر کا گوادر کا دورہ، بلوچستان کو ترقی دینے، تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا اعادہ کیا
09-12-2023
(لاہورنیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گوادر کا دورہ کیا، دورے کے دوران بلوچستان کو ترقی دینے، تجارت اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا اعادہ کیا۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا امریکہ اور بلوچستان کے درمیان کامیاب تعلق کی طویل تاریخ ہے، گزشتہ سال کے دوران امریکی اعانت سے اکتالیس مراکز صحت کی کامیابی سے تجدید کی گئی، تعلیم کے میدان میں امریکی اعانت سے بی یو آئی ٹی ای ایم ایس اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں پروگراموں کو فروغ دیا گیا۔ امریکی سفیر نے مزید کہا بلوچی اور مختلف دوسری زبانوں کی تدریس اور تعلیمی مواد کو ترقی دے کر آئندہ نسل کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا گیا، ڈونلڈ بلوم نے سیاسی رہنماؤں، گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں، حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنماؤں سے تعمیری مذاکرات کئے۔ امریکی سفیر نے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بلوچستان کی ترقی کیلئے امریکی اعانت کا اعادہ کیا اور ان اقدامات کا ذکر کیا جن کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ماحول کو بہتر بنا سکتا ہے۔