ایل ڈی اے سٹی میں آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کا ٹیموں پر حملہ

09-12-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے سٹی میں آپریشن کے دوران قبضہ مافیا نے ٹیموں پر حملہ کر دیا۔ ایل ڈی اے انتظامیہ نے ملزمان کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر وا دیا۔

ملزمان زبیر مشتاق، نوید مشتاق اور جنید مشتاق وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں عرفان آس محمد، فہیم بوٹا، نعیم بوٹا اور عمران بوٹا سمیت 120 نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس نے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ ایف آئی آر متن کے مطابق قبضہ مافیا نے ناجائز قبضہ بچانے کے لیے ایل ڈی اے کی ٹیموں پر حملہ کیا، قبضہ مافیا نے فائرنگ کی، پولیس کی دو گاڑیوں کی سکرینیں توڑ دیں۔ چیتو کی حویلی میں ایل ڈی اے عملے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جہاں عملہ زخمی بھی ہوا۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے آپریشن کر کے 52 پلاٹس واگزار کروا لیے۔ ڈائریکٹر ہاؤسنگ سیون معظم رشید کے مطابق واگزار کروائے گئے پلاٹوں پر گزشتہ تینتالیس سال سے قبضہ تھا۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات، قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے۔