ٹریفک پولیس کانسٹیبل کی بیٹی کی ہارورڈ یونیورسٹی میں نمائندگی، آئی جی پنجاب کا خراج تحسین

09-12-2023

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب نے ہارورڈ یونیورسٹی میں ٹریفک پولیس کے کانسٹیبل محمود احمد کی بیٹی سیماب محمود کو پاکستان کی نمائندگی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے دفتر مدعو کر کے باپ بیٹی کو عزت بخشی، اس موقع پر آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خوشی ہے کہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی طالبہ پنجاب پولیس کے باہمت اہلکار کی بیٹی ہیں۔ ہر پولیس ملازم کیلئے یہ ایک روشن مثال ہے ، ملازمین کے بچوں کی اعلٰی تعلیم کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کانسٹیبل اور شہداء کے بچوں کیلئے فارن سکالرشپس کا آغاز ہو چکا ہے۔ ہونہار طالبہ سیماب محمود نے کہا بچوں کو گھر سے ملنے والی حوصلہ افزائی ان میں مزید محنت اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ کانسٹیبل محمود احمد ورک بولے پولیس ملازمین وسائل کی کمی کے باوجود اپنے بچوں کو اعلٰی معیاری تعلیم دلوا سکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پولیس فورس کی ویلفیئر کے تمام اقدامات کا مقصد فورس کے ساتھ ساتھ معاشرے کو محفوظ بنانا ہے۔