اہل لاہور کیلئے خوشخبری، ترقیاتی منصوبوں کیلئے خزانے کے منہ کھل گئے

09-12-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالخلافہ میں ترقیاتی کاموں کے لیے خزانوں کے منہ کھول دیئے گئے، مسلم لیگ نواز کے سابق ممبران صوبائی اسمبلی کے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی مد میں 10 ارب 45 کروڑ 50 لاکھ کے فنڈز کرچ کیے جائیں گے۔

شہر لاہور میں سالانہ ترقیاتی کاموں کی مد میں کئی سابق  ممبران اسمبلی کے حصے میں اربوں اور متعدد  کیلئے کروڑوں روپے  منظور کر لیے گئے ہیں، فنڈز سے سڑکوں ،گلیوں ،سیوریج کی مرمت و بحالی اور تزئین و آرائش کی جائے گی، صوبائی دارالحکومت کی 279 سکیموں کی تکمیل کی اجازت دے دی گئی، ضلعی انتظامیہ نے منظوری کے لیے سمری الیکشن کمیشن اور فنانس کیبنٹ کمیٹی کو بھجوا دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی پی146 میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے حلقے میں 33 سکیموں کی منظوری دی گئی ہے، حمزہ شہباز کے حلقے میں ترقیاتی کاموں کے لیے 70 کروڑ 50 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں، پی پی 169 میں اختر بادشاہ کے حلقہ کی 10 سکیموں کے لیے 2 ارب کی منظوری دی گئی ہے۔ پی پی 144 میں سمیع اللہ چودھری کے حلقہ میں 20 کروڑ روپے سے 4 ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کا پلان بنایا گیا ہے، پی پی 145 میں غزالی سلیم بٹ کو 2 ترقیاتی سکیموں کیلئے 10 کروڑ  ملیں گے، پی پی 147 میں مجتبیٰ شجاع الرحمان کے حلقہ کی 37 سکیموں کیلئے 86 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ پی پی 148 میں چودھری شہباز کے حلقہ کی 12 ترقیاتی سکیموں کیلئے 20کروڑ کی منظوری دی گئی ہے، پی پی 149 میں میاں مرغوب احمد کی 5 ترقیاتی سکیموں کیلئے 20کروڑ  روپے، پی پی 150 میں بلال یاسین کی 29 سکیموں کیلئے 1 ارب 36 کروڑ 7 لاکھ   جبکہ پی پی 153 میں 24 سکیموں کے لیے  خواجہ عمران نذیر کو 1ارب 1کروڑ روپے دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح  پی پی157 خواجہ سلمان رفیق کے حلقہ میں 9 ترقیاتی سکیموں کیلئے 20 کروڑ، پی پی 161 میں ملک فیصل کھوکھر کے حلقہ کی 40 سکیموں کے لیے 20کروڑ  روپے کے فنڈز منظور ہوئے ہیں، پی پی165 میں ملک سیف الملوک کھوکھر کو 5 سکیموں کے لیے 20 کروڑ ملیں گے جبکہ پی پی 168 میں صرف 3 سکیموں کے لیے ملک اسد کھوکھر  کو  20 کروڑ دینا منظور کیا گیا ہے۔ انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی منظوری الیکشن کمیشن کی اجازت سے مشروط ہو گی۔