قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بھارت سے شکست کو سبق قرار دے دیا

09-12-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈ برن نے بھارت سے بڑے مارجن سے شکست کو سبق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شکست پر دفاع کا کوئی بہانہ نہیں بنائیں گے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈبرن کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران جو مواقع ہم نے کھوئے مستقبل میں ان پر نظر ثانی کریں گے لیکن ذاتی طور پر میرا خیال ہے کہ جو کچھ پچھلے دو دن میں ہمارے ساتھ ہوا وہ ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس تحفے کے لیے شکرگزار ہیں کیونکہ ورلڈکپ سے قبل اس اسٹیج پر بھارت کے ساتھ کھیلنا ہمارے لیے اچھا موقع ہے، ہمیں ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں کہ بھارت کے نمبر ون کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ 3 ماہ سے کوئی میچ نہیں ہارا، بھارت سے شکست ہمارے لیے یاد دہانی اور سبق ہے کہ ہم جب بھی گراؤنڈ میں ہوں تب خود کو مکمل اور بھرپور تیار رکھیں اور اپنی طرف سے بہترین دیں'۔