مالی بحران کا شکار پی آئی اے میں بھرتیاں، 210 خالی اسامیوں کا اشتہار دیدیا
09-12-2023
(ویب ڈیسک) پی آئی اے نے210 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیےاشتہار دے دیا، قومی ایئرلائن میں پائلٹس، فضائی میزبان اور آئی ٹی پروفیشنلزکی کمی ہے۔
سپریم کورٹ کی اجازت سے5 سال کے بعد ایک سالہ قابل توسیع کنٹریکٹ پر بھرتیوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ نئی بھرتیوں کے لیے موزوں امیدواروں سے 25 ستمبر تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق 10 اے ٹی آرپائلٹس کی پوسٹ کیلئےانٹرمیڈیٹ اورمتعلقہ پیشہ وارانہ قابلیت کا ہونا لازمی قراردی گئی ہے۔ جبکہ40 فضائی میزبانوں کی آسامیوں کے لیے کم ازکم تعلیمی قابلیت گریجویشن مقررکی گئی ہے۔ نئی تعیناتیوں سے پی آئی اے آپریشن کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ دوسری جانب حکومت مالی مشکلات کا شکار قومی ایئرلائن کو مالی ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرنے جا رہی ہے جوکہ بھاری قرضوں اور سود کی ادائیگیوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے۔ قومی ایئرلائن نے موجودہ سال کے پہلے چھ مہینوں کے دوران 64 ارب روپے کے نقصان کی اطلاع دی ہے ،جو پچھلے سال کی رپورٹ کے مطابق5.43 بلین روپےکے نقصان سے کافی زیادہ ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق حکومت کی جانب سے بینکوں کے ساتھ تعاون اور فنڈز جاری کرنے کی ہدایات سے پی آئی اے کی ادائیگیوں کے توازن کی پوزیشن میں نمایاں بہتری آئے گی۔ توقع ہے کہ ایئر لائن کو اگلے ہفتے تک فوری طور پر درکار رقم مل جائے گی۔