مقدس اسلامی مہینوں میں انتخابات روکنے کیلئے دائر درخواست خارج

09-12-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مقدس اسلامی مہینوں میں عام انتخابات روکنے اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 170 اے کی شق تین کو غیر آئینی قرار دینے کے لیے دائر درخواست خارج کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے شہری فہد عزیز کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے  ہوئے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بارہ اسلامی مہینوں میں سے چار مہینے انتہائی مقدس ہیں، ذوالقعد ،ذوالحج ،رجب اور محرم الحرام کے مہینے مقدس ہیں جن کا احترام لازمی ہے، مقدس مہینوں میں الیکشن کے باعث ماضی میں فسادات اور قتل و غارت کے واقعات ہوچکے ہیں، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 170 اے کی شق تین اسلامی اصولوں کے خلاف ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 170 اے کی شق تین کو غیر آئینی قرار دینے کی درخواست قابل سماعت نہیں، آئین کے آرٹیکل 203 جی کے تحت سپریم کورٹ یا کسی ہائیکورٹ کو فیڈرل شریعت کورٹ کے اختیارات میں مداخلت کا اختیار نہیں۔ عدالت عالیہ نے اپنے تحریری فیصلے میں مزید لکھا کہ آئین کے آرٹیکل 203 ڈی کے تحت کسی قانون کو اسلام ،قرآن و سنت کے خلاف دینے کا اختیارات فیڈرل شریعت کورٹ کے پاس ہے۔