میٹرو بس کے بڑھتے حادثات ٹریک کی حالت زار قرار
09-11-2023
(لاہور نیوز) میٹرو بس کے بڑھتے حادثات کی وجہ میٹرو ٹریک کی حالت زار قرار دی گئی۔
میٹرو بس کے ٹریک پر حادثات معمول بن گئے۔ سٹیشنز کے جنگلے، بیریئر، الیکٹریکل سامان کی ٹوٹ پھوٹ اور خراب لائٹس کا انکشاف ہوا ہے۔ ٹھیکہ دے دیا مگر مرمت اور بحالی کا کام شروع نہ ہو سکا۔ شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس سروس میں اداروں کی نااہلی بھی شامل ہے۔ لاہور نیوز تفصیلات سامنے لے آیا۔ میٹرو بس کے ٹریک پر 88 سٹیشن لائٹس اور 44 کوریڈور پول جنکشن خراب ہیں۔ ٹریک اور ایڈ گریڈ پر لگے 39 سٹیشن فین، 9 ایل ٹی ڈسٹری بیوشن پینل، ایک ٹرانسفارمر بھی جل چکا ہے۔ ایڈ گریڈ کی 10 ارتھنگ پٹس، ڈیٹا کیبن میں 2 ایئر کنڈیشنرز بھی غیر فعال ہیں۔ میٹرو سٹیشن کی 67 جنکشن لائٹس اور سٹیشنز پر نصب 31 پنکھے بھی بند ہیں۔ میٹرو بس کی مرمت کے لئے 3 کروڑ 86 لاکھ 41 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا مگر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے رقم خرچ نہ کی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق میٹرو ٹریک کی مرمت اور بحالی جاری ہے۔ نجی کنٹریکٹر کمپنی کی جانب سے ایک ماہ میں کام مکمل کر لیا جائے گا۔