نگران وزیر اعظم کی حجاج کی سہولیات کیلئے موبائل ایپ بنانے کی ہدایت

09-11-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے حاجیوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے، وزیرِ اعظم نے حج انتظامات کے جائزے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج 2023ء میں حجاج کی شکایات پر جامع رپورٹ پیش کرنے اور حجاج کی سہولیات اور شکایات کے اندراج کیلئے موبائل ایپلی کیشن اور ویب سائٹ بنانے کی ہدایت کر دی۔ انوار الحق کاکڑ نے نجی حج کمپنیوں کے حوالے سے شکایات پر رپورٹ پیش کرنے اور نظام کیلئے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ نجی کمپنیوں سے جانے والے حاجیوں کو کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں، وزیر اعظم نے کہا کہ حجاج کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔