پاکستان مِنی مزدا ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجی ریلی
09-11-2023
(لاہور نیوز) پاکستان مِنی مزدا ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی ریلوے سٹیشن سے شروع ہو کر یتیم خانہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
پاکستان مِنی مزدا ایسوسی ایشن کی جانب سے وَکس پاسنگ پالیسی کے خلاف ریلوے سٹیشن سے بابو صابو یتیم خانہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مزدا ڈرائیورز کی بڑی تعداد اپنی گاڑیوں کے ساتھ شریک ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے یتیم خانہ چوک بابو صابو پہنچ کر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا۔ یتیم خانہ چوک کو مزدے لگا کر ٹریفک کے لیے ہر طرف سے بند کر دیا گیا۔ لاہور سے دوسرے شہر جانے اور آنے والی گاڑیاں پھنسنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صدر مِنی مزدا ایسوسی ایشن حاجی شیر علی کا کہنا تھا کہ ایک ماہ سے ہم متعلقہ اداروں سے وقت مانگ رہے تھے لیکن کسی نے ہمارے لیے وقت نہیں نکالا۔ وکس پاسنگ پالیسی کا تعلق پبلک ٹرانسپورٹ سے ہے نہ کہ کسی مزدے سے۔ ہماری گاڑیوں کے بلا جواز چالان کیے جا رہے ہیں۔ احتجاجی شرکا کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے کام نہیں ، اوپر سے ہمارے 8 اور 10 ہزار کے چالان کیے جا رہے ہیں۔ احتجاجی شرکا نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔