ایشیا کپ: کولمبو میں ریزرو ڈے پر بھی بارش، پاک بھارت میچ تاخیر کا شکار

09-11-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے ریزرو ڈے میچ کے لیے بھارتی اور پاکستانی کرکٹ ٹیم سٹیڈیم پہنچ گئی اور بارش بھی رک گئی مگر آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہے۔

اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے سٹیڈیم پہنچتے ہی موسلا دھار بارش شروع ہو گئی تھی جو کہ اب تھم چکی ہے اور گراؤنڈ س کورز ہٹائے جا رہے ہیں۔ آج پاکستان اور بھارت کا میچ تاخیر سے شروع ہو گا، پاک بھارت ٹاکرا پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہونا تھا۔ واضح رہے کہ کولمبو میں جاری اس میچ میں پاکستان  نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، جس میں بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے ریزرو ڈے پر منتقل کر دیا گیا تھا، ریزرو ڈے پر آج وہیں سے کھیل شروع ہو گا جہاں گزشتہ روز ختم ہوا تھا۔