چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے 15 ستمبر تک بات کرانے کا حکم
09-11-2023
(ویب ڈیسک) سائفر کیس کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالت نے 15 ستمبر تک چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دے دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیراز احمد رانجھا سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے روبرو پیش ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت میں سپرنٹنڈٹ اٹک جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں سے فون پر بات نہیں کرائی گئی، سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل نے کہا ہے کہ سیکرٹ ایکٹ کے ملزم کی فون پربات نہیں کروا سکتے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سپرنٹنڈٹ اٹک جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ شیراز رانجھا نے عدالت کو بتایا کہ 30 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے فون پر بات کروانے کا حکم دیا گیا لیکن بات نہیں کروائی گئی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ 15 ستمبر تک چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کے حکم پر عمل کیا جائے۔