یو ایچ ایس کے زیر اہتمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد

09-10-2023

(لاہور نیوز) میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ کا امتحان منعقد ہوا جس میں صوبہ بھرسے 67 ہزار جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 19 ہزار 14 امیدواروں نے حصہ لیا۔

میڈیکل  اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ  کا امتحان پنجاب کے 11 شہروں میں منعقد ہوا،29  مراکز میں صوبہ بھر سے 67 ہزار امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، امتحان کی نگرانی کے لیے چار ہزار افراد  کا عملہ رکھا گیا جس میں 250 سپرنٹنڈنٹس اور 350 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس شامل تھے۔ صوبائی دارالحکومت  لاہور میں 9 مراکز قائم کیے گئے جن میں سے 7 امتحانی مراکز لڑکیوں اور 2 لڑکوں کے لیے مختص تھے، لاہورمیں 19 ہزار 14 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ کا  امتحان دیا جن میں 13  ہزار 259 لڑکیاں اور 5 ہزار 755 لڑکے شامل  تھے۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا جی سی یونیورسٹی امتحانی مرکز کے دورے کے دوران کہنا تھا کہ تمام طلباء و طالبات اور انکے اساتذہ کو آرم دہ  ماحول دیا ہے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ سلیبس کے مطاق امتحان نہیں آیا تو رات دس بجے تک ای میل کر سکتا ہے۔ امتحان دینے والے امیدواروں کا کہنا تھا گزشتہ سال کی نسبت اس مرتبہ آسان پیپر آیا ہے،  اس مرتبہ ماحول بھی اچھا تھا  اور سٹاف بھی تعاون کرنے والا تھا۔ ایم ڈی کیٹ امتحان کا دورانیہ ساڑھے تین گھنٹے کا تھا جو صبح 10 بجے شروع ہو کر ڈیڑھ بجے ختم ہوا۔