بلاول بھٹو نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

09-10-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ  چیئرمین پی ٹی آئی کا اپنا ہسپتال ہے، کمر کا درد ہو تو باہر جاتا ہے اور تنقید دوسروں پر کرتا ہے، ممی ڈیڈی والی جماعت کے کارکن فارغ ہیں ہم کام کرنے والے لوگ ہیں، جناح ہاؤس پرحملہ کرنے والوں کو پیغام ہے جیالے آپ سے نہیں ڈرتے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملیر کی طرح اب چیئرمین پی ٹی آئی کی ملک بھر میں ضمانت ضبط کرائیں گے، کٹھ پتلی اورسیاسی یتیم سیاستدانوں کا صفایا کریں گے، وہ ڈر گئے پیچھے ہٹ گئے، میئرحیدرآباد تو دور کی بات وہ 2 ٹاؤن بھی نہ بچاسکے، ڈرنا اور پیچھے ہٹنا پیپلزپارٹی کی ٹریننگ میں شامل نہیں۔ چیئرمین پی پی نے کہا ہسپتالوں میں علاج کرکٹر کی وجہ سے نہیں شہیدوں کی جماعت کی وجہ سے ہے، پی پی کارکنان  ٹک ٹاک، فیس بک کے لئے تھوڑا وقت نکالیں اور ممی ڈیڈی پارٹی کا مقابلہ کریں، برگر بچوں کو سمجھائیں کہ مفت علاج کرکٹرز کی وجہ سے نہیں شہیدوں کی پارٹی سے ہے۔ سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ  پیپلزپارٹی کیخلاف کردار کشی کی مہم 3 نسلوں سے چلی آرہی ہے، گزشتہ 15 سال ہماری کردار کشی اس لئے ہوئی کیونکہ سلیکٹڈ کو مسلط کرنا چاہتے تھے، برگربچوں کو سمجھائیں پانی کرکٹرنے نہیں پی پی حکومت نے لانا ہے۔