پی ایچ اے اور واسا میں ٹیوب ویل کی تنصیب سے متعلق ڈیڈ لاک برقرار

09-10-2023

(لاہور نیوز) پی ایچ اے اور واسا میں ٹیوب ویلز کی تنصیب سے متعلق ڈیڈ لاک برقرار ہے، نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب میں واسا کو بڑی رکاوٹ کا سامنا، پی ایچ اے نے پارکس میں ٹیوب ویلز لگانے کا این او سی نہ دیا۔

پارکس میں ٹیوب ویلز کی تنصیب کا معاملہ طول پکڑ گیا، نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب میں واسا کو بڑی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پی ایچ اے کیجانب سے پارکس میں ٹیوب ویلز لگانے کا این او سی مسلسل تاخیر کا شکار ہے، واسا کی جانب سے رواں مالی سال میں 16 نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب کا منصوبہ بنایا گیا تھا مگر  پی ایچ اے نے واسا کو 8  مقامات پر ٹیوب ویلز کی تنصیب کی تاحال اجازت نہیں دی۔ واسا کی جانب سے رستم پارک، اسلامیہ پارک، ڈونگی گراؤنڈ سمن آباد ، سبزہ زار، قاضی ٹاؤن، سید پور اور جناح کالونی میں ٹیوب لگائے جانے تھے مگر پی ایچ اے کی جانب سے واسا کو ٹیوب ویلز کی تنصیب کیلئے این او سی نہیں مل سکا، واسا کی جانب سے ٹیوب ویلز کی تنصیب کا 2  ماہ قبل ورک آرڈر جاری کیا گیا تھا۔ واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ این او سی کے حصول کیلئے  پی ایچ اے انتظامیہ سے رابطہ میں ہیں۔