شہر کی خوبصورتی ماند پڑ گئی، سڑکوں پر پڑے گڑھوں سے عوام پریشان

09-10-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں عوام کیلئے دردِ سر بن گئیں، سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھوں سے علاقہ مکینوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، شریف پورہ کے علاقے بھنی روڈ کی حالت زار ہو گئی۔

شریف پورہ  کے علاقے بھنی روڈ کی خستہ حال سڑکوں نے انتظامیہ کا پول کھول دیا،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، ناقص سیورج سسٹم کے باعث گلیوں میں گندا پانی جمع رہنا معمول بن گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بڑھتے مسائل کے سبب علاقے میں رہنا دشوار ہو چکا ہے، سڑکوں پر گندا پانی جمع ہونے سے بچوں کا سکول جانا محال ہوگیا، حالت درست ہونے کے بجائے مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے، سیاستدان ووٹ لینے تو پہنچ جاتے ہیں انہیں علاقے کے مسائل نظر نہیں آتے۔