شوگر ملز مالکان حکومت کو 140 روپے کلو چینی فراہم کرنے پر رضامند

09-10-2023

(لاہور نیوز) شوگر ملز مالکان نے پنجاب حکومت کو 140 روپے فی کلو چینی فراہم کرنے کی رضامندی ظاہر کردی۔

پنجاب حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان چینی کی قیمت پر مسلسل تین روز سے جاری مذاکرات کامیاب ہو گئے، وزیراعلیٰ محسن نقوی سے ملاقات میں شوگر ملز مالکان نے پنجاب حکومت کو 140 روپے فی کلو میں چینی فروخت کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے سینٹرز،ماڈل بازاروں اور اتوار بازاروں میں خصوصی سٹالز پر چینی فروخت کرے گی، عوام کی مشکلات کا پورا احساس ہے، چینی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو ہوگا۔ محسن نقوی ملاقات میں کرشنگ سیزن 28 اکتوبر سے شروع کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ شوگر ملز مالکان کے وفد نے بریفنگ میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بتایا کہ پنجاب میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے، پنجاب میں ضرورت سے زیادہ چینی موجود ہے۔ شوگر ملزمالکان کے وفد میں ہارون اختر، ذکاء اشرف، فواد مختار اور دیگر شامل تھے، صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔