ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 117 فیصد اضافہ

09-10-2023

(ویب ڈیسک) ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر117فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اور اگست میں ملک سے 11لاکھ 75 ہزار ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 117 فیصد زیادہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5لاکھ 41 ہزار ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ اعداد وشمار کے مطابق اگست میں 7 لاکھ 25ہزار ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 87فیصد زیادہ ہیں ۔ گزشتہ سال اگست میں 3لاکھ 87 ہزار ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر61فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی۔ جولائی میں 4لاکھ 50 ہزار ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو اگست میں بڑھ کر7 لاکھ 25 ہزار ٹن ہوگئیں۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں 77 لاکھ 14 ہزارٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 53 لاکھ 37 ہزار ٹن تھیں۔