بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن، لیسکو ملازمین کی ہفتہ وار چھٹی منسوخ

09-10-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ نے عملے کی ہفتہ وار چھٹی منسوخ کردی،لیسکو فیلڈ سٹاف، ریکوری سٹاف اور سپیشل ٹیمیں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں۔

لیسکو ریجن میں تیسرے روز بھی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، لیسکو کارروائیوں کے دوران تمام سرکلز میں 248 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف درخواستیں متعلقہ تھانوں میں جمع کروادی گئی ہیں جن میں سے 141 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، آپریشن کے دوران بڑی انڈسٹریاں اور فیکٹریاں بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئی ہیں، بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن وفاقی حکومت کی ہدایت پر کیا جارہا ہے۔ لیسکو انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کے پیش نظر عملے کی ہفتہ وار چھٹی بھی منسوخ کردی، تمام ریکوری اور فیلڈ سٹاف بجلی چوروں کے خلاف کارروائی  میں مصروف ہیں، ایس ڈی اوز بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں  کریں گے۔ لیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیموں پر تشدد کرنے والے بجلی چوروں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا  جائے گا۔