اے ایف سی انڈر 23 ایشین کوالیفائرز میں پاکستان مسلسل دوسرا میچ ہار گیا

09-10-2023

(ویب ڈیسک) اے ایف سی انڈر 23 ایشین کوالیفائرز میں پاکستان کو بحرین نے تین ۔ ایک سے ہرادیا ، پاکستان میچ ہار گیا مگرعالمگیرغازی کے لانگ رینج گول نے پاکستانی فینز کے دل جیت لیے ۔

بحرین کے المحرق سٹیڈیم میں ہونے والے گروپ ڈی کے میچ میں پاکستان کے خلاف بحرین نے 25 ویں منٹ میں اس وقت برتری حاصل کرلی جب سید جواد حیدر نے فری کک پر گول کردیا، پاکستان کے گول کیپر سلمان اس کو جج کرنے میں پوری طرح ناکام رہے۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں جواد نے ایک اور گول کرکے بحرین کی برتری کو دو گول کردیا اور اگلے ہی منٹ میں حسین عبدالکریم نے بحرین کی جانب سے تیسرا گول سکور کردیا۔  یوں 48 اور 49 ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو گولز کی بدولت بحرین کو تین ۔ صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔ 71 وین منٹ میں پاکستان کے عالمگیر غازی نے بحرین کے گول کیپر عبداللہ علی احمد کو آف لائن پا کر اپنے ہی ہاف سے گول کی جانب کک کرکے پاکستان کا واحد مگر شاندار گول سکور کیا۔ گو کہ پاکستان تین ۔ ایک سے میچ ہار گیا مگر عالمگیر کے اس گول کو پاکستانی مداحوں نے بھرپور سراہا۔ پاکستان ایونٹ میں آخری میچ منگل کو فلسطین کے خلاف کھیلےگا۔