ہمارے فاسٹ بولرز کے بارے میں کم بات ہونی چاہیے،کہیں نظر نہ لگ جائے: امام الحق

09-10-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ پر سب کی نظریں ہوتی ہیں، باقی میچز سے پاک بھارت میچ کا تھوڑا فرق ہوتا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ سب کھلاڑی انجوائے کرتے ہیں، اس میچ میں سٹار بننے کا موقع ہوتا ہے، پاک بھارت میچ میں آپ اچھا کریں یا جتوا دیا تو یہ سب کو یاد رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اچھا ہے کہ ہم بھارت سے ایک دو میچز یہاں کھیل لیں، ہمیں بھارت کی بولنگ کا اندازہ ہو جائے گا اور کمزوریوں اور ان کے مضبوط پوائنٹس کا پتہ چل جائے گا۔ امام نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پہلے میچ سے متعلق کہا کہ کینڈی میں ہم نے ایک اچھے ٹوٹل میں انڈیا کو محدود کر لیا تھا، کھلاڑی ہمارے فارم میں تھے، ہم ٹوٹل حاصل کرنے کی امید کر رہے تھے۔ کرکٹر نے مزید کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں بابراعظم سے میری کیمسٹری ملتی ہے، ان کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ رہی ہیں، بیٹنگ کے دوران ہم دونوں آپس میں گفتگو کرتے ہیں ایک دوسرے کو سمجھاتے ہیں۔ قومی بیٹر نے کہا کہ ہمارے فاسٹ بولرز کے بارے میں کم بات ہونی چاہیے مجھے ڈر ہے کہیں نظر ہی نہ لگ جائے، میں بولرز کو کہتا رہتا ہوں کہ اگلے دو ماہ ایسے ہی کرتے رہو ہم سب کی زندگی تبدیل ہو سکتی ہے، ہمارے فاسٹ بولرز ایسے ہیں جن کے خلاف تمام ٹیمیں پلان بنا کر آتی ہیں۔ امام نے کہا کہ ہم اکثر سوچتے ہیں کہ انہیں ہمیں نیٹ پر کھیلنا پڑتا ہے میچ میں نہیں، ہمیں اپنے فاسٹ بولرز کی وجہ سے حوصلہ ملتا ہے اور ہم پازیٹو رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ ون ڈے میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔