پہلی پولیس ایکسٹریم ہینڈ گن شوٹنگ چیمپئن شپ کا انعقاد

09-10-2023

(ویب ڈیسک) کراچی میں سپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) اور انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن کے اشتراک سے پہلی پولیس ایکسٹریم ہینڈ گن شوٹنگ چیمپئن شپ 2023 کا انعقاد کیا گیا جس میں 3 مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں میں 137 شوٹرز نے حصہ لیا۔

پولیس ایکسٹریم ہینڈ گن شوٹنگ چیمپئن شپ کے مقابلے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز چوکنڈی میں ہوئے، مقابلوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، سویلینز اور خواتین سمیت 137 شوٹرز نے اپنی صلاحیتوں کے مظاہرہ کیا۔ مقابلوں میں پاکستان نیوی، انٹیلیجنس بیورو، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس، آر آر ایف کی ٹیموں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کیٹیگری میں حصہ لیا۔ مقابلوں میں سی ٹی ڈی پنجاب، سی ٹی ڈی سندھ، موٹر وے اور سی پی ایل سی کی ٹیمیں بھی شامل ہوئیں جبکہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب سے خواتین اور مردوں نے سویلین کیٹیگری میں حصہ لیا۔ مقابلوں کی تقریب تقسیم  اسناد کے مہمان خصوصی نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائر حارث نواز نے مقابلوں کے کامیاب شوٹرز میں نقد انعامات، میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔