امریکی معاونت سے پاکستان میں 4 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

09-09-2023

(لاہور نیوز) امریکی معاونت سے پاکستان میں 4 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

یو ایس ایڈ کے زیراہتمام ’پاکستان میں سرمایہ کاری کریں‘ کانفرنس کا انعقاد ہوا، امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن نے ہر قسم کی حوصلہ افزائی کرنے کا اعلان کیا، اعلامیہ کے مطابق امریکہ میں مقیم پاکستانی چار کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کی سرمایہ کاری کریں گے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستانی تارکین وطن کے 4 شراکت داروں نے یو ایس ایڈ کے ساتھ چار نئی مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت پاکستان میں 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، امریکہ میں مقیم تارکین وطن کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا عزم 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے، سرونز لمیٹڈ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں روزگار کی بحالی کیلئے 50 لاکھ ڈالر خرچ کرے گی۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا پاک فوڈز لمیٹڈ کمپنی گروپ اور نسٹ کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 90 لاکھ ڈالر کی شراکت داری ہوگی، جز ویری انویسٹمنٹ کارپوریشن بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری پر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر خرچ کرے گی، گلوبل سیمی کنڈکٹر گروپ نوجوانوں کو سیمی کنڈکٹراور چپ ڈیزائن ٹیکنالوجی میں تربیت پر 50 لاکھ ڈالر خرچ کرے گا۔