بجلی چوری کیخلاف آپریشن تیز، 21 افراد گرفتار، 16 کروڑ سے زائد کا جرمانہ

09-09-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

ملک میں بجلی چوری کے خلاف جاری آپریشن پر سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوچکا ہے، ابھی یہ آغاز ہے، یہ بہت زیادہ بے رحم اور ناقابل معافی ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 40 لاکھ یونٹ بجلی چوری کے 2000 سے زیادہ کیسز کا پتا چلا ہے اور بجلی چوری کے الزام میں 21 افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ 16کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ سیکرٹری توانائی کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے ضمن میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے وصول ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب آئیسکو کا اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، سمیت مختلف شہروں میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، بجلی چور صارفین پر 75 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ پنجاب میں بجلی چوری کو کنٹرول کرنے اور مانیٹرنگ کے لیے 3 کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ بلوچستان میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں، 171 بجلی چوروں اور نادہندگان کے 682 بجلی کنکشنز کاٹ دئیے گئے۔ پشاور سمیت خيبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بجلی چوری پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔