محسن نقوی کا بڑا فیصلہ، پنجاب بھرمیں تھانوں کی تعمیرومرمت ،اپ گریڈیشن ہوگی

09-09-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا ایک اوربڑا فیصلہ، پنجاب بھر میں تھانوں کی تعمیرو مرمت اوراپ گریڈیشن ہوگی، ڈولفن پولیس کی موٹر بائیکس اورپولیس رسپانس یونٹ کی گاڑیاں کو ٹھیک کرایا جائے گا۔

اپ گریڈ کیے جانے والے تھانوں میں بہترین معیار کے فرنٹ ڈیسک، انویسٹی گیشن رومز، ویٹنگ ایریا اور واش رومز ہوں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈولفن پولیس کی موٹر بائیکس اور پولیس رسپانس یونٹ کی گاڑیاں ایک ماہ کے اندر ٹھیک کرانے کی ہدایت کر دی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فوری ریلیف کیلئے کرایہ کی بلڈنگز لے کرنئے تھانے قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے تھانے بنانے میں بہت وقت اور پیسہ لگے گا، ضرورت کے مطابق کرائے پر بلڈنگ لے کر پولیس سٹیشن بنائے جائیں، تھانے میں سائلین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جائیں اوربہترین فرینڈلی ماحول ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ  فرنٹ ڈیسک کی ڈیوٹی پر مامور اہلکار کو یونیفارم میں ہونا چاہیے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے تھانوں کی اپ گریڈیشن وڈیزائن، ڈولفن پولیس اورپولیس رسپانس یونٹ کے امور پربریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی اولاہور، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی آئی جی آپریشنز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔