نیب تحقیقات: محمد خان بھٹی پر الزامات کی تفصیلات سامنے آ گئیں
09-09-2023
(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی ، سابق وفاقی وزیرمونس الہٰی اور پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت دیگر افراد کے خلاف نیب کی تحقیقات جاری ہیں،نیب ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں میں کک بیکس کی تحقیقات کر رہا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی پر الزامات کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ نیب رپورٹ کے مطابق محمد خان بھٹی نے شریک ملزمان کے ساتھ مل کر غیر قانونی سکیمیں منظور کرائیں ۔ محمد خان بھٹی نے کک بیکس لینے کے لیے من پسند کنٹریکٹرز کو ٹھیکے دلوائے۔ اب تک کی تحقیقات کے مطابق محمد خان بھٹی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ نیب رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ محمد خان بھٹی نے شریک ملزمان سے ملکر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ۔ محمد خان بھٹی نے من پسند افسران کو گجرات میں تعینات کرا کے فوائد حاصل کیے۔ واضح رہے کہ سابق پرنسپل سیکرٹری پانچ دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔ احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر محمد خان بھٹی سے ہونے والی تفتیش سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔