سیکرٹری خوراک کو عہدے سے کیوں ہٹایا گیا، ’’ لاہور نیوز‘ اندرونی کہانی سامنے لے آیا
09-08-2023
(لاہور نیوز) چینی اور آٹے کی من مانی قیمتیں، عوام مہنگائی کے گرداب سے نہ نکل سکے۔ سیکرٹری خوراک کو عہدے سے کیوں ہٹایا گیا، ’’ لاہور نیوز‘ اندرونی کہانی بھی سامنے لے آیا۔
ذرائع کے مطابق بدھ کو بند کمرہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سوالات اٹھائے گئے کہ مئی میں چینی برآمد کرنے سے پہلے محکمہ خوراک پنجاب نے خبر دار کیوں نہیں کیا؟ افغانستان چینی سمگلنگ کی جا رہی ہے، اس حوالے سے کیوں نہ بتایا گیا؟ اتنے بڑے بحران سے حکومت کو لاعلم کیوں رکھا گیا؟10 سے 12 لاکھ میٹرک ٹن پنجاب کی پیداواری چینی سٹاک سے کیسے غائب ہو گئی؟ چینی کے بحران پر واویلا مچا تو محکمہ خوراک کے افسران بھی اس میں شامل ہو گئے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے برہمی کا اظہار کیا اور سیکرٹری خوراک زمان وٹو کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ شوگر مافیا اور سٹہ بازوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا بھی اعلان کیا۔ سابق سیکرٹری خوراک کے حوالے سے یہ رپورٹ بھی آئی کہ گندم اور آٹے کے بحران پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ ان کی جگہ سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید کو خوراک کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔