دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد

09-08-2023

(لاہور نیوز) سموگ کے تدارک کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کی حکمت عملی سامنے آ گئی۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔

صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت سموگ سے متعلق پیشگی اقدامات بارے جائزہ اجلاس ہوا۔ صوبہ بھر میں پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن سموگ رولز 2023ء کے تحت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور غیر معیاری ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک ہزار 269 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ 191 گاڑیاں بند، 397 گاڑیوں کا چالان کیا گیا۔4لاکھ 87 ہزار 400 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ دوسری جانب ڈیزل بسوں کو ماحول دوست الیکٹرک بسوں سے تبدیل کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا بھی انعقاد ہوا۔ نگران صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے اجلاس کی صدارت کی۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ یونیورسٹی آف شکاگو کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بڑی آبادی والے شہر شدید آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔ ماحول دوست بسیں متعارف کرانے سے ماحولیاتی آلودگی کے مسائل حل ہوں گے۔ ابراہیم مراد نے مزید کہا کہ سولر چارجنگ کی مدد سے الیکٹرک بسیں ڈیزل سے کم خرچ پر چلائی جائیں گی۔ کوشش ہے کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ کسی عالمی ادارے کی گرانٹ سے مکمل کیا جائے۔