ڈپریشن کے شکار افراد کونسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہوسکتے ہیں؟ماہرین نے خبردار کردیا

09-08-2023

(ویب ڈیسک)ماہرین نےکہا ہے کہ ڈپریشن کے شکار افراد ذیابیطس کی بیماری میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کی تحقیق کے مطابق ڈپریشن کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے،تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ ڈپریشن کا سامنا کرنے والے افراد میں ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے دائمی مرض سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں لاکھوں افراد کے جینیاتی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں سے 19 ہزار افراد ذیابیطس کے شکار تھے جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد نے خود کو ڈپریشن کا شکار قرار دیا تھا۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 7 جینز ڈپریشن اور ذیابیطس دونوں امراض کا شکار بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ رپورٹ کےمطابق یہ جینز دماغ، لبلبے، چربی کے ٹشوز میں ورم کا باعث بنتے ہیں اور ان کے حیاتیاتی عمل میں ایسی تبدیلیاں آتی ہیں جن سے وضاحت ہوتی ہے کہ کس طرح ڈپریشن سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ محققین کے مطابق اس تعلق سے عندیہ ملتا ہے کہ ڈپریشن کے شکار افراد میں ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ماہرین  نے کہا ہے  کہ ڈپریشن کی تاریخ رکھنے والے افراد کو ذیابیطس ٹائپ 2 کے خطرے پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ وہ اس دائمی مرض سے خود کو بچا سکیں۔طبی ماہرین برسوں سے جانتے ہیں کہ ذیابیطس کے مریضوں میں ڈپریشن کا خطرہ دوگنا زیادہ ہوتا ہے جبکہ یہ بھی معلوم ہے کہ ڈپریشن کے مریضوں میں ذیابیطس کی تشخیص کا خطرہ ہوتا ہے۔