غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن، واپڈا ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں املاک سربمہر

09-08-2023

(لاہور نیوز) شہر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ علامہ اقبال ٹاؤن ، واپڈا ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں متعدد املاک سربمہر کر دیئے گئے۔

ایل ڈی اے ٹیموں نے جوہر ٹاؤن ،واپڈا ٹاؤن ، پی آئی اے سکیم اور علامہ اقبال ٹاؤن میں گرینڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کی سربراہی چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی اور ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ فور نے کی۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے پی آئی اے سکیم میں پلاٹ نمبر 232 ڈی پر زیر تعمیر غیرقانونی شٹرز مسمار کر دئیے۔ پلاٹ نمبر 72 ڈی ٹو واپڈا ٹاؤن میں رہائشی عمارت کی لفٹ گرا دی گئی۔ جی ون جوہر ٹاؤن میں غیر قانونی دکان اور غیر قانونی ہاسٹل مسمار، واپڈا ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 6 ای ٹو پر غیر قانونی دیوار گرا دی گئی۔ واپڈا ٹاؤن کے مختلف بلاکس میں 23 املاک کو سربمہر کر دیا گیا۔ غیر قانونی سائن بورڈز بھی اتار دئیے گئے۔ غیرقانونی کمرشل استعمال پر لنک وحدت روڈ پر 12 املاک سربمہر کر دی گئیں۔ چیف ٹاؤن پلانر ون سدرہ تبسم نے آپریشن کی نگرانی کی۔ کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے۔