ایم ڈی کیٹ امتحانات کے پیش نظر شہر کے 9 مقامات پر دفعہ 144 نافذ
09-08-2023
(لاہور نیوز) ایم ڈی کیٹ امتحانات کے پیش نظر شہر کے 9 مقامات پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
امن عامہ اور امتحانی عمل کی شفافیت کیلئے ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے دفعہ 144 نافذ کی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے گرد دفعہ 144 نافذ ہو گی۔ گورنمنٹ اپوا کالج جیل روڈ، ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن، ڈی پی ایس ٹاؤن شپ اور گورنمنٹ کوئین میری گریجویٹ کالج کے نواحی 100 میٹرز تک دفعہ 144 نافذ ہو گی۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ اور گلبرگ کے گردونواح میں صرف امیدواروں اور امتحانی عملے کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ امتحانی مراکز کے گرد کسی بھی احتجاج یا ہجوم کی قطعی اجازت نہیں ہو گی۔ نقل میں استعمال مواد، اسلحہ، موبائل، ڈیجیٹل ڈیوائسز امتحان گاہ اور 100 میٹر حدود تک لانا جرم تصور ہو گا۔ امتحانی عملہ اور امیدواروں سمیت کوئی بھی ممنوعہ مواد کو ہمراہ نہ رکھنے کا پابند ہو گا۔ ڈی سی لاہور کا کہنا ہے شفاف امتحانی عمل کو یقینی بنانے کیلئے امتحان گاہوں کے اچانک دورے بھی کیے جائیں گے۔ والدین اور طلبا سے گزارش ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔