رواں ماہ آٹے کی فی کلو قیمت میں 15 سے 20 روپے کمی آنے کا امکان

09-08-2023

(ویب ڈیسک) آٹے کے امپورٹرز نے کہا ہے کہ رواں ماہ فی کلو آٹے کی قیمت میں 15 سے 20 روپے کی کمی آئے گی۔

 امپورٹرز کا کہنا ہے کہ روس سے گندم کے 3 جہاز جلد کراچی پہنچ رہے ہیں، پہلا جہاز ایم وی بیکس ہلیل 15 ستمبر کو کراچی پہنچے گا، جہاز میں 60 ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔ امپورٹرز کے مطابق دوسرا جہاز 23 سے 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گا، تینوں جہازوں میں 60،60 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے، جہاز پہنچنے سے ملک بھر میں فوری طور پر گندم اور آٹے کی قیمت نیچے آئے گی اور کمی پوری ہو جائے گی۔ روسی گندم کراچی پہنچ کر فی کلو آٹے کی قیمت 100 روپے پڑے گی، یہ گندم آنے سے پورا سال وافر مقدار میں گندم دستیاب ہوگی، اس وقت اوپن مارکیٹ میں گندم 125 روپے اور آٹا 160 روپے فی کلو ہے۔