ٹرائیکا کا جادو، ایشیا کپ میں کوئی ٹیم پاکستان کیخلاف پورے اوورز نہ کھیل سکی
09-08-2023
(ویب ڈیسک) نمبر ون ٹیم کے بولرز کی میدان میں پرفارمنس بھی نمبر ون ہے اور ایشیا کپ میں پاکستانی ٹرائیکا کے خلاف کوئی ٹیم پورے اوورز نہیں کھیل سکی ہے۔
کھیلے جا رہے ایشیا کپ میں قومی پیس بیٹری کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور اب تک کوئی بھی حریف ٹیم پاکستان کے خلاف پورے 50 اوورز نہیں کھیل سکی ہے۔ قومی پیسرز نے نیپال اور بھارت کے بعد بنگلا دیش کو بھی 40 اوورزسے پہلے ہی ٹھکانے لگا دیا۔ ریڈ ہاٹ، ٹیریفائنگ، ڈیڈلی ٹرائیو یا تھری مین آن مشن۔ ان تمام مقولوں یا استعاروں پر قومی پیسرز پورے اترتے ہیں جنہوں نے ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کی مضبوط ترین بیٹنگ کو 40 اوورز سے قبل ہی چلتا کیا۔ اس سے پہلے نیپال اور بعد میں بنگلہ دیش کو بھی اوورز مکمل ہونے سے قبل ہی ٹھکانے لگایا۔ پاکستانی فاسٹ بولرز کی دہشت اتنی پھیل چکی ہے کہ تین میچوں کی 30 وکٹوں میں سے 23 وکٹیں شاہین شاہ، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ٹرائیکا نے حاصل کیں۔ بھارتی بلے بازوں کی تو ایسی بینڈ بجائی کہ دس کے 10 کھلاڑی پیسرز نے شکار کیے۔ پاکستانی بولرز کا حریف سے کوئی مقابلہ نہیں۔ وکٹوں کے حصول میں حارث رؤف سب سے آگے ہیں،انہوں نے 3 میچز میں اب تک 9 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ شاہین شاہ اور نسیم شاہ نے سات، 7 کھلاڑیوں کو شکار کیا ہے۔ اس متاثر کن پرفارمنس کے بعد اب دنیا بھی کہہ رہی ہے کہ پاکستان سے اچھا بولنگ اٹیک اس وقت کسی بھی ٹیم کے پاس نہیں ہے۔ اوپنر امام الحق بھی اپنے بولرز کے گن گاتے ہوئے دعا گو ہیں کہ دو ماہ (ورلڈ کپ) تک بولرز ایسی ہی پرفارمنس دیتے رہیں۔