شاہین، نسیم اور حارث کی ٹرائیکا ، شعیب اختر کو ’’ڈبلیوز‘‘ کی یاد آگئی
09-08-2023
(ویب ڈیسک) راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں پاکستانی پیس بیٹری کے گُن گا دیے۔
دنیائے کرکٹ کے سب سے تیز بولر کا اعزاز رکھنے والے شعیب اختر نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ شاہین شاہ، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ٹو ڈبلیوز (وسیم اکرم اور وقار یونس) کا دور یاد دلا دیا ہے۔ شعیب اختر نے مزید کہا کہ پاکستانی پیسرز اچھی طرح جانتے ہیں کہ وکٹیں کیسے اڑانی ہیں جب کہ نسیم شاہ تو شاہین شاہ آفریدی سے بھی خطرناک بولر ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی پیس اٹیک کے ساتھ پاکستانی ٹیم دنیا کی خطرناک ترین ٹیم بن چکی ہے اور اب یہ خواب نہیں ہے بلکہ پاکستانی ذہن بنا چکے ہیں کہ احمد آباد میں گرین شرٹس ہی ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ ٹو ڈبلیوز کے نام سے مشہور پاکستانی پیسرز وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی نے 90 کی دہائی میں دنیائے کرکٹ میں اپنی دہشت قائم کی ہوئی تھی اور دنیا کے بڑے بڑے بلے باز ان کا سامنے کرنے سے کتراتے تھے۔