جناح ہاؤس حملہ کیس : پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع
09-08-2023
(ویب ڈیسک) جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع ہوگئی۔
لاہور پولیس نے ایف بی آر،سٹیٹ بینک اور کمشنر لاہور سے پی ٹی آئی کے روپوش رہنماؤں مراد سعید،اعظم سواتی، میاں اسلم اقبال،حماد اظہر سمیت دیگر ملزمان کی جائیدادوں کی تفصیلات مانگ لیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور عمران کشور نے ایف بی آر ،سٹیٹ بینک اور کمشنر لاہور کے نام خط میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جائیدادوں اوربینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 24 جولائی کو عدالت نے مراد سعید،اعظم سواتی،میاں اسلم اقبال،حماد اظہر سمیت ملزمان کے اشتہار جاری کیے اور ملزمان کو ایک ماہ میں پیش ہونے کی مہلت دی مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔ خط کے مطابق دفعہ 88 کے تحت ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کی کارروائی کی ضرورت ہے،ملزمان کی منقولہ اور غیرمنقولہ جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ جن رہنماؤں کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں ان میں فرخ حبیب، زبیرنیازی، واثق قیوم،اسد زمان اورامتیاز شیخ شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ حافظ فرحت،غلام عباس،علی حسن، سعید احمد، شفقت امین، عندلیب عباس، احمد خان نیازی، خالد گجر، ملک کرامت کھو کھر اور دیگر کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔