چیئرمین واپڈا کا زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ
09-07-2023
(ویب ڈیسک) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین واپڈا نے ڈائی ورشن سکیم سمیت پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، چیئرمین واپڈا نے کنٹریکٹرز کو آئندہ لو فلو سیزن میں ڈائی ورشن سکیم کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی، چیئرمین واپڈا نے کہا مہمند ڈیم کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے اہم اہداف کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔ سجاد غنی نے واپڈا کی پراجیکٹ ٹیم کو اہم اہداف کی تکمیل کے لئے مربوط کوششیں کرنے کی ہدایت کی، پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈا کو منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا دریائے سوات پر زیر تعمیر مہمند ڈیم ایک کثیرالمقاصد منصوبہ ہے، مہمند ڈیم پراجیکٹ کی تکمیل 2026-27 میں شیڈول ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا مہمند ڈیم کی بدولت 18 ہزار ایکڑ نئی اراضی سیراب ہو گی، ڈیم کی تکمیل پر 1 لاکھ 60 ہزار ایکڑ موجودہ اراضی کو اضافی پانی فراہم ہو گا، مہمند ڈیم میں 1.2 ملین ایکڑ پانی ذخیرہ کی گنجائش موجود، 800 میگاواٹ سستی پن بجلی میسر ہو گی، منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال 2 ارب 86 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا۔