چینی کی قیمتوں میں مصنوعی تیزی بھی اُلٹے پاؤں چلنے لگی

09-07-2023

(لاہور نیوز) ڈالر کے بعد چینی کی قیمتوں میں مصنوعی تیزی بھی اُلٹے پاؤں چلنے لگی۔ شوگر ملز ریٹ میں دو روز میں 14 روپے فی کلو کمی ہو گئی۔

مارکیٹ میں چینی کی دھواں دھار جاری اننگز ختم ہو گئی۔ چھ ماہ میں چینی کے نرخ 80 روپے فی کلو مہنگے ہونے کے بعد کم ہونے لگے۔ حکام کی جانب سے چینی ذخیرہ اندوزوں اور سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کے عندیہ سے چینی کی بے لگام مہنگائی کو ریورس گیئر لگ گیا۔ شوگر ملز سے چینی کی قیمت کم ہونے لگی۔ دو روز میں چینی ایکس ملز ریٹ میں 14 روپے فی کلو تک کم ہو گئی۔ چینی کا ایکس ملز ریٹ 16 ہزار 100 روپے فی 100 کلو پر آ گیا۔ چند روز قبل چینی ایکس ملز ریٹ 17 ہزار 500 روپے فی 100 کلو تک پہنچ گیا تھا۔ چینی کے مستقبل کے سودے بھی 18 ہزار روپے فی 100 کلو ہو رہے تھے لیکن چینی کے نرخ میں کمی کے بعد مستقبل کے سودے بھی غیر یقینی کا شکار ہو گئے۔ پرچون مارکیٹ میں چینی نرخ 185 روپے  سے کم ہو کر 180 روپے فی کلو تک آ گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق پرچون مارکیٹ میں بھی چند روز میں چینی کا نرخ مزید کم ہو جائے گا۔