اشیائے ضروریہ بدستور مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں
09-07-2023
(لاہور نیوز) اشیائے ضروریہ بدستور مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں ۔ برائلر پھر مہنگا ہونے لگا ۔ فارمی انڈے بھی پہنچ سے باہر ہیں۔
مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔ پولٹری مصنوعات ، سبزیاں اور پھل غریب کی پہنچ سے دور ہیں۔ سستا ہوتا برائلر پھر مہنگا ہونے لگا۔ مرغی کا گوشت 4 روپے اضافے سے 534 روپے فی کلو ہو گیا۔ فارمی انڈے 303 روپے فی درجن ہیں۔ سبزی اور پھل کی خریداری بھی آسان نہ رہی۔ اوپن مارکیٹ میں پیاز 120 ، ٹماٹر 150 ، لہسن 550 روپے فی کلو ہے۔ ادرک 1100 ، سبز مرچ 150، کھیرا 140 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ پھلوں میں سیب کالا کولو 350 ، آم 330 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام شدید پریشان ہیں، کہتے ہیں مہنگائی نے جینا مشکل کر دیا ہے۔ کچھ بھی قوت خرید میں نہیں رہا۔ مارکیٹ میں گرانفروشی کا سلسلہ بھی نہ تھم سکا ۔ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔