پنجاب کی آرٹس کونسلز کو فعال کرنے کیلئے پلان تیار
09-07-2023
(لاہور نیوز) پنجاب کی تمام 12 آرٹس کونسلز کو مکمل فعال کرنے کیلئے پلان تیار کر لیا گیا۔
نگران وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر کی زیر صدارت آٹھ سال بعد پنجاب کونسل آف آرٹس کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا۔ عامر میر نے کہا کہ اجلاس کا مقصد پنجاب میں آرٹ اور کلچر کی ترویج کا مؤثر روڈ میپ بنانا ہے۔ اجلاس میں ریٹائرڈ فنکاروں کو پنجاب حکومت کی جانب سے ماہانہ اعزازیہ دینے کی پر زور سفارش کی گئی، جسے حتمی منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں 150 برس پرانے ڈرامیٹک پرفارمنس ایکٹ 1876ء میں ترامیم کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ عامر میر نے کہا کہ سٹیج ڈراموں میں لچر بازی اور فحاشی کو آرٹ اینڈ کلچر قرار نہیں دیا جا سکتا۔ آرٹس کونسلز کی تمام عمارتوں کی مرمت اور بحالی کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے گا۔ مری میں 6 سال سے بند آرٹس کونسل کے سینیما گھر کو 8 ستمبر سے کھولنے کا اعلان بھی کر دیا گیا۔