سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے معیشت مزید مستحکم کرینگے : نگران وزیراعظم
09-07-2023
(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تاجروں، صنعت و سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے معیشت مزید مستحکم کرینگے ۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد ایوانِ تجارت و صنعت کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آپکی تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہوں، قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔ وزیراعظم کاکہنا تھا کہ وزارت عظمی کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کیں اور انکے مسائل سنے ، کاروباری برادری ملکی معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس کے نظام میں اصلاحات یقینی بنا رہی ہے، ٹیکس کا نظام ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، جب تک ٹیکس وصولی میں اضافہ نہیں ہوتا، ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران کریک ڈاؤن کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں ، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، سمگلنگ کی روک تھام کا ہمسایہ ممالک کے حکام نے خیر مقدم کیا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے معیشت کو مزید مستحکم کریں گے، بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے، وزارت کامرس ملک بھر کے چیمبرز سے باقاعدگی سے تجاویز و مشاورت کو یقینی بنائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حوالے سے جلد رپورٹ پیش کی جائے، پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے، سی ڈی اے کے نظام میں بہتری لائی جائے، کاروباری برادری کو مشاورتی عمل کا حصہ بنایا جائے۔