ماحول دوست بسیں متعارف کروا کے آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے: وزیر ٹرانسپورٹ
09-07-2023
(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ ماحول دوست بسیں متعارف کروا کے شہر میں آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد کی زیر صدارت تمام ڈیزل بسوں کو ماحول دوست الیکٹرک بسوں سے تبدیل کرنے کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم مراد نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار پاکستان میں ہر شخص کی عمر اوسطاً 4 سال کم کرنے کا عندیہ دیتے ہیں، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی آلودگی بارے ہدایات پر عمل کر کے لاہور میں اوسطاً ہر شخص کی عمر قریب 8 سال تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف شکاگو کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بڑی آبادی والے شہر شدید آلودگی کی لپیٹ میں ہیں، ماحول دوست بسیں متعارف کروانے سے آنے والے دور میں ماحولیاتی آلودگی کے مسائل حل ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رکشے، لوڈر، و دیگر لوکل ٹرانسپورٹ کو بھی الیکٹرک ماڈل پر تبدیل کرنا کلیدی اہمیت کا حامل ہے، سولر چارجنگ کی مدد سے الیکٹرک بسیں ڈیزل سے کم خرچ پر چلائی جائیں گی، اضافی بوجھ سے بچنے کیلئے الیکٹرک بسوں کا منصوبہ کسی بین الاقوامی ادارے کی گرانٹ سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔