بابوصابو:فوڈ اتھارٹی نے کروڑوں روپے کا ملاوٹی مال تلف کردیا

09-07-2023

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی ملاوٹی خوراک و مضرصحت اشیاء تلف کردیں۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملاوٹی و جعلی ضبط شدہ 25 ٹن مال ایل ڈبلیو ایم سی بابو صابو ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیا گیا،15 ہزارلیٹر کولا ڈرنکس، 6 ہزار کلو زائد المیعاد اشیاء، 2 ہزار کلوگرام ممنوعہ گٹکا اور سپاری تلف کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں4  ہزار 700 خالی بوتلیں، 60 کلو مصنوعی فلیورز، جعلی لیبلز اور بوتلیں تلف کی گئیں، آپریشنز ٹیموں کی مختلف کارروائیوں میں جعلسازوں سے ضبط شدہ سامان تلف کیا گیا۔ راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ ایکسپائرڈ اور جعلی لیبلنگ والی اشیاء تلف کی گئیں، ماحول کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مضر صحت سامان کو ڈمپنگ سائٹس پر تلف کیا گیا، جعلی ڈرنکس، گٹکا سپاری کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوراک سے وابستہ کاروبار میں جعلسازی کرنیوالوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے، صوبہ بھر میں جعلسازی کے خاتمے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔