عرس حضرت علی ہجویریؒ، چہلم حضرت امام حسینؓ، میٹرو بس سروس معطل

09-07-2023

(لاہور نیوز) عرس حضرت علی ہجویریؒ اور چہلم حضرت حسینؓ کے جلوس کی سکیورٹی کے پیش نظر میٹرو بس سروس کو مکمل طور پر معطل کر دیا گیا۔

ایم اے او کالج سے آزادی چوک تک میٹرو سٹیشنز پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، کربلا گامے شاہ کے سامنے میٹرو ٹریک پر بھی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک سپیڈو بس سروس کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ میٹرو بس سروس معطل ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل رکشہ والوں کی چاندی ہوگئی، لوکل ٹرانسپورٹرز مسافروں سے منہ مانگے کرائے وصول کر رہے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھرمیٹرو اورنج لائن ٹرین کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، علی ٹاﺅن سے ڈیرہ گجراں تک اورنج لائن ٹرین بغیر کسی تعطل کی چلائی جارہی ہے۔