ماورا حسین نے اپنی وکالت کی ڈگری بارے پھیلی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

09-07-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور و خوبرو اداکارہ ماورا حسین نے اپنی وکالت کی ڈگری کے حوالے سے پھیلی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

حال ہی میں اداکارہ نے غیر ملکی ادارے کو انٹرویو کے دوران اپنی وکالت کی ڈگری کے حوالے سے پھیلی جھوٹی خبروں بارے بھی بات کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنی وکالت کی ڈگری مکمل کی تو ایک معتبر اخبار نے میرے بارے میں آرٹیکل لکھا کہ میں نے اپنی وکالت کی ڈگری لندن سے 5 کروڑ روپے میں خریدی ہے۔ ماورا نے ہنستے ہوئے کہا کہ "پہلی بات یہ ہے کہ اگر میرے پاس 5 کروڑ روپے ہوں گے تو میں ڈگری نہیں خریدوں گی کچھ اور کروں گی، ویسے بھی لندن سے وکالت کی ڈگری 5 کروڑ میں نہیں خریدی جاسکتی، مجھے نہیں معلوم کہ لوگوں نے ایسا کیسے سوچ لیا۔ یاد رہے کہ ماورا حسین نے 2019 میں یونیورسٹی آف لندن سے وکالت کی تعلیم مکمل کی تھی اور اپنے کانووکیشن کی تصاویر بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی تھیں۔