یوم فضائیہ آج قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی سے منایا جا رہا ہے

09-07-2023

(ویب ڈیسک) پاک بھارت 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے جرات و بہادری اور بے مثال کارکردگی سے دشمن کے حملوں کا منہ توڑ جواب دے کر تاریخ رقم کر دی، جس پر پوری قوم آج بھی پاک فضائیہ کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

پاک بھارت 1965 کا جنگی معرکہ پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں نے جرات و شجاعت اور پیشہ وارانہ بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے اپنے نام کیا۔ 6 ستمبر کو بھارت نے جب وطن عزیز پر حملہ کیا تو پاک فضائیہ نے دشمن کو چت کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا اور وطن عزیز کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ ایئر مارشل اصغر خان اور ایئر مارشل نور خان جیسے قابل فخرسپوتوں اور کمانڈروں نے کامیاب جنگی حکمت عملی اختیار کی، اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کے ایکشن نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے پانچ جہازوں کو مار گرایا۔ دوسری طرف سکوارڈرن لیڈر سر فراز رفیقی اور سکوارڈرن لیڈر منیر الدین اور علاؤالدین جیسے شہیدوں نے بھی ثابت کر دیا کہ حرمت وطن کی خاطر ان کی جانوں کا نذرانہ کوئی مہنگا سودا نہیں ہے۔ پاک فضائیہ کے بہادر ہوا بازوں کی جانب سے ستمبر 65 کی جنگ میں جرات، شجاعت اور بہادری کی وہ داستانیں رقم کی گئیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔