لاہور ماسٹر پلان میں اختیارات کا غلط استعمال کیا گیا: ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب
09-06-2023
(لاہور نیوز) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ لاہور ماسٹر پلان میں اختیارات کا غلط استعمال کیا گیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ پرویزالہٰی اوران کے صاحبزادے نے ہیرا پھیری کرکے لاہور ماسٹر پلان سے 10 ارب کا فائدہ اٹھایا، رولز کے خلاف لاہور کے ماسٹر پلان کی منظوری لی گئی، لاہور کے ماسٹرپلان کی چودھری پرویزالہٰی نے منظوری دی تھی۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ لاہور ماسٹر پلان کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، کوٹلہ ابوبکر کو جعلسازی سے لاہور ماسٹر پلان میں شامل کیا گیا، کوٹلہ ابوبکرکا لاہور سے 50 کلومیٹرکا فاصلہ ہے، لاہور ماسٹر پلان میں خلاف قانون چیزیں سامنےآ رہی تھیں۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ محمد خان بھٹی کو غیرقانونی طریقے سے گریڈ 22 دیا گیا، پرویزالہٰی نے پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیاں بھی کیں، پرویزالہٰی کی قصور کی زمین کی دستاویز بھی اصلی نہیں ہیں، اس معاملے پر ہم نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔