ایشیا کپ: بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 194 رنز کا ہدف دے دیا

09-06-2023

(لاہور نیوز) ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 194 رنز کا ہدف دے دیا۔

بنگلا دیش کی پوری ٹیم 39 ویں اوور میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، نسیم شاہ نے 3، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن یہ آغاز بنگلادیش کیلئے اچھا ثابت نہ ہوسکا، میچ کے دوسرے اوور میں بنگلادیشی اوپنرز مہدی حسن میراز بغیر کوئی رنز کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔ بنگلادیش کو دوسرا نقصان پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر لٹن داس کی صورت اٹھانا پڑا جب بنگلادیشی بیٹر لٹن داس 16 رنز بنا کر شاہین کا شکار ہوئے، حارث رؤف نے بھی آتے ہی دھاک بٹھا دی اور اپنے پہلے ہی اوور میں نعیم کو پویلین واپس بھیج دیا جبکہ اپنے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر بنگلا دیشی بلے باز توحید کو بھی چلتے کیا۔ قبل ازیں لاہور میں قذافی سٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ اگر ہم زیادہ رنز بناتے ہیں تو اس سے مخالف ٹیم پر دباؤ پڑے گا۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، گزشتہ رات ہم  نے دیکھا کہ حالات نے فاسٹ باؤلرز کی مدد کی، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ شکیب الحسن  نے کہا کہ ہم  نے افغانستان کے خلاف جو کچھ کیا اسے دہرانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں دنیا کی نمبر ون ٹیم کا سامنا ہے اس لیے ہمیں اپنا بہترین کھیل کھیلنے کی ضرورت ہے۔