9 مئی واقعات:خدیجہ شاہ سمیت 97 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں ٹرائل کورٹ واپس

09-06-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی واقعات پر خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ سمیت 97 افراد کی رہائی کی درخواستیں واپس ٹرائل کورٹ کو بھیج دیں۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے حکومت پنجاب کی مقدمات میں نئی دفعات شامل کرنے کی درخواست منظور کر لی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مقدمات میں نئی دفعات شامل ہو چکی ہیں، ملزمان نئی دفعات کے مطابق شامل تفتیش ہوں، ملزمان نئی دفعات کے بعد ضمانت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔ قبل ازیں دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد شاہ نے ملزمان کی درخواست ضمانتوں کی مخالفت کی تھی، انہوں نے کہا کہ مقدمہ میں نئی دفعات لگا دی گئی ہیں، زیادہ تر ملزمان ریمانڈ پر ہیں، مقدمہ کی تفتیش جاری ہے۔