عرس داتا دربار، وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

09-06-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے عرس پر سکیورٹی انتظامات کے جائزے کے لیے داتا دربار کا تفصیلی دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حضرت علی بن عثمان ہجویریؒ کے مزار پر حاضری دی اورملک کی سلامتی، استحکام، امن اور عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہداء وطن کے درجات کی بلندی کے لئے بھی دعا کی، محسن نقوی نے عقیدت مندوں سے ملاقات کی،ان کے مسائل سنے ا ور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سماع ہال میں محفل سماع کا باقاعدہ افتتاح کیا اور معروف قوال کا کلام سنا، ہزاروں عقیدت مند بھی اس موقع پر موجود تھے، محسن نقوی نے لنگر خانے اور لنگر کی تیاری کی جگہ کا بھی معائنہ کیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عقیدت مندوں کے لئے تیار لنگر کھا کر معیار کو چیک کیا اور عقیدت مندوں سے لنگر کے معیار کے بارے میں پوچھا، عقیدت مندوں نے لنگر کے معیار کی تعریف کی۔ محسن نقوی نے دودھ کی سبیل کی جگہ کا بھی وزٹ کیا اور دودھ کے معیار کو چیک کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے عقیدت مندوں میں دودھ تقسیم کیا، محسن نقوی نے داتا دربار کے مرکزی کنٹرول روم کا معائنہ کیا، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور  کنٹرول روم میں لگی سکرینوں کی مدد سے حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے سکیورٹی انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عرس کی تقریبات کے لئے انتظامات کو ہر سطح پر مانیٹر کیا جارہا ہے، عقیدت مندوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے کوشاں ہیں، پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے اور میں خود انتظامات اور سکیورٹی پلان کا باقاعدہ جائزہ لے رہاہوں۔